سپریم کورٹ: جعلی اکاؤنٹس کیس کے مرکزی ملزم انور مجید کی ضمانت منظور

اسلام آباد (ڈیلی اردو) سپریم کورٹ نے جعلی اکاؤنٹس کیس کے مرکزی ملزم انور مجید کو دس کروڑ روپے کی بنک گارنٹی اور پاسپورٹ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کرلی۔

جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بنچ نے جعلی اکاؤنٹس کیس کے مرکزی ملزم انور مجید کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ عدالت نے انور مجید کو دس لاکھ روپے کی گارنٹی رجسٹرار آفس میں جمع کرنے کا حکم دیتے ہوئے ضمانت منظور کرلی۔

عدالت نے انور مجید کا نام ای سی ایل میں شامل رکھنے اور پاسپورٹ رجسٹرار آفس میں جمع کرنے کا حکم بھی دیا۔ عدالت نے انور مجید کو نیب حکام سے تفتیش میں تعاون کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عدم تعاون پر انور مجید کی ضمانت خارج کر دی جائے گی۔

دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر عمران الحق نے عدالت کو بتایا کہ انور مجید پہلے دن سے ہی اسپتال میں ہیں اور آج تک نیب میں پیش نہیں ہوئے، انور مجید کے عدم تعاون کی وجہ سے 15 تحقیقات اور چار ریفرنسز التواء کا شکار ہیں۔

جسٹس مشیر عالم نے کہا انور مجید تحقیقات میں رکاوٹ نہ ڈالیں اور نیب سے دوران تفتیش تعاون کریں۔

جسٹس قاضی محمد امین نے کہا انور مجید کو شدید نوعیت کا عارضہ قلب ہے، علاج کرانا ان کا بنیادی حق ہے تاہم انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں