سرینگر: بھارتی فوج کی طرف سے پاکستانی میجر شبیر خان کی قبر کا ’بھرپور‘ احترام

سرینگر (ڈیلی اردو/ڈوئچے ویلے) بھارتی آرمی نے اپنے خلاف چار جنگیں لڑنے والی پاکستانی آرمی کے ایک افسر کی قبر کی مرمت اور تزئین کرکے یہ پیغام دینے کی کوشش کی ہے کہ دشمنی اپنی جگہ لیکن مرنے والے فوجیوں کا احترام فوجی روایات کا حصہ ہے۔

بھارتی آرمی نے بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے نوگام سیکٹر میں واقع پاکستانی آرمی کے اعزاز یافتہ میجر محمد شبیر خان کی خستہ حال قبر کی مرمت کرکے اسے پہلے جیسی بنا دی ہے۔

میجر محمد شبیر خان کی قبر پر لگی ہوئی لوح کے مطابق، میجر خان پانچ مئی 1972 بمطابق 1630 ہجری کو بھارتی فوج کے نویں سکھ ریجمنٹ کی طرف سے کیے گئے ایک جوابی حملے کے دوران مارے گئے تھے۔

امتداد زمانہ کی وجہ سے میجر شبیر خان کی قبر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی تھی۔ ان کی قبر کی مرمت کی اطلاع دیتے ہوئے بھارتی آرمی کے چنار کور نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے ”ایک سپاہی، خواہ وہ کسی بھی ملک کا ہو، مرنے کے بعد عزت اور احترام کا حقدار ہوتا ہے۔”

پاکستان نے ابھی تک اس فوجی افسر کے قبر کی کشمیر میں بھارتی فوج کے ذریعہ مرمت کیے جانے کی خبر کی تصدیق نہیں کی ہے۔

حکومت پاکستان نے میجر محمد شبیر خان کو جنگ میں ان کی شجاعت کے لیے ستارہ جرأت سے نوازا تھا۔

ستارہ جرأت پاکستان کا تیسرا سب سے با وقار فوجی اعزاز ہے، جو بہادری یا جنگ میں نمایاں کارکردگی انجام دینے کے لیے دیا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں