پاراچنار: کرم کے علاقے شلوزان میں گاڑی پر فائرنگ، 4 افراد ہلاک، 2 زخمی

پاراچنار (محمد صادق) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی علاقے کرم کے نواحی گاؤں شلوزان میں گاڑی پر فائرنگ کے واقعے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد ہلاک اور دو کمسن بچے زخمی ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق اپر کرم کے علاقے شلوزان میں مسلح افراد نے زیر تعمیر مکان میں مزدوروں کو کھانا لیجانے والی گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں انجنیر اسد علی، یداللہ، کمسن ایان حیدر اور حاضر سروس فرنٹیئر کور اہلکار صادق حسین موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ کمسن بچہ صفدر عباس اور بچی انعم فاطمہ شدید زخمی ہوگئی۔

پولیس نے فائرنگ اور قتل کے الزام میں چھ افراد گرفتار کرلئے، کمسن بچے سمیت ایک ہی خاندان کے چار افراد کے قتل سے علاقے کی فضا سوگوار ہوگئی ہے۔ ہلاک افراد کی تدفین ان کے آبائی قبرستان شلوزان میں سینکڑوں اشکبار آنکھوں کے سامنے کردی گئی ایک ہی گھر سے بیک وقت چار جنازے اٹھنے پر علاقے میں کہرام برپا ہوگیا اور ہر آنکھ اشکبار تھا۔

مقتول اسد علی کے بھائی نا صر مہدی کا کہنا ہے کہ ان کے بھائی شاملاتی زمینوں میں بیواؤں اور یتیموں سمیت علاقے کے ہر ایک فرد کو اپنا حصہ دلانا چاہتے تھے اور عدالتوں میں اس حوالے سے کیس بھی چل رہا تھا اور ان کے خاندان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔

ناصر مہدی کا کہنا تھا کہ قاتلوں نے ان کے خاندان کے بچوں سمیت چار افراد کو قتل کرکے نا انصافی اور درندگی کا مظاہرہ کیا ہے عدالت اور متعلقہ حکام قاتلوں کو قرار واقعی سزا دیں اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ضلع کرم محمد قریش خان کا کہنا تھا کہ واقعے کے حوالے سے تحقیقات جاری ہے اور قتل کے واقعے میں ملوث افراد قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں