وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کی ملاقات، 20 ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط

اسلام آباد (ویب ڈیسک) سعودی ولی محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان 20 ارب ڈالر کے مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

وزیراعظم عمران خان سے سعودی ولی عہد کی ون آن ون ملاقات کے بعد معاہدوں اور ایم اویوز پر دستخط کے لیے تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر خزانہ اسد عمر نے سعودی ہم منصب کے ہمراہ معاہدوں اور ایم اویوز پر دستخط کیے۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹینڈرائزیشن کے شعبے میں تکنیکی تعاون، نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کے شعبے میں تعاون بجلی کی پیداوار کے شعبے میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔

دونوں ممالک کے درمیان معدنی وسائل کے شعبے، ریفائنری پیٹرو کیمیکل پلانٹ کے قیام اور متبادل توانائی مصنوعات کی ترقی کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

اس موقع سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ 20 ارب ڈالر کے معاہدے سرمایہ کاری کا پہلا مرحلہ ہے، اگلے 20 سال میں پاکستان میں سیاحت کا شعبہ فروغ پائے گا اور آنے والے وقت میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید پروان چڑھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں