اسرائیلی فوجی اڈے سے ہزاروں کی تعداد میں گولہ بارود چوری

یروشلم (ڈیلی اردو) اسرائیل کے جنوب میں واقع فوجی اڈے سے نامعلوم چوروں نے ہزاروں کی تعداد میں گولہ بارود چوری کرلیا۔

اسرائیلی نیوز ایجنسی یدیوتھ اہرونوتھ کے مطابق نیشنل آرمی ٹریننگ سنٹر نامی یہ فوجی اڈہ گذشتہ ایک دہائی کے دوران درجنوں اسلحہ اور گولہ بارود چوری ہونے کا نشانہ بنتا رہا ہے تاہم اسرائیلی تاریخ میں اس چوری کو اب تک کی جانے والی تمام چوری کی وارداتوں سے بڑا قرار دیا جارہا ہے۔

خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ چوروں کو فوجی اڈے کے کسی عملے سے مدد ملی ہوگی جو سیکیورٹی سسٹم میں کئی خرابیوں سے واقف تھے۔

نیوز ایجنسی کے مطابق چور ایک گاڑی میں اڈے میں داخل ہوئے اور چند لمحوں میں ہی گاڑی میں سینکڑوں کی تعداد میں گولہ بارود لوڈ کرکے لے گئے۔ امکان ہے کہ گولیوں کو خطرناک مجرموں اور انتہا پسند یہودیوں کو فروخت کیا جائے گا۔

یدیوتھ آہرونتھ کی رپورٹ کے مطابق چوری کے الزام میں اب تک کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے تاہم تحقیقات جاری ہیں جسکے نتائج ملٹری پراسیکیوٹر کو پیش کیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں