سانحہ مچھ میں ملوث مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے، وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سانحہ مچھ کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور سانحے میں ملوث مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر داخلہ شیخ رشید نے وزیراعظم کو سانحہ مچھ اور ہزارہ برادری سے مذاکرات پر بریفنگ دی۔

شیخ رشید نے بریفنگ میں بتایا کہ مظاہرین کے 8 میں سے 7 مطالبات تسلیم کررہے ہیں، بلوچستان اسمبلی کے استعفوں کا ہم سے تعلق نہیں ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سانحہ مچھ کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، ظالم جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے۔

خیال رہے کہ 3 جنوری کو بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ میں کوئلہ فیلڈ میں دہشت گردوں نے شناخت کے بعد شیعہ ہزارہ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے 11 کان کنوں کو بے دردی سے ذبح کیا۔

واقعے کے خلاف ہزارہ برادری کے افرادکا مغربی بائی پاس پر میتوں سمیت دھرنا تیسرے روز بھی جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں