سانحہ مچھ: دھرنا چھٹے روز میں داخل، شہدا کمیٹی کا دھرنا ختم کرنے سے انکار

کوئٹہ (ڈیلی اردو) سانحہ مچھ کے شہدا کے لواحقین کا دھرنا چھٹے روز میں داخل ہوگیا ہے اور شہدا کمیٹی نے ایک بار پھر دھرنا ختم کرنے سے انکار کر دیا۔

شہدا ایکشن کمیٹی ممبران نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم یہاں آئیں، یہ نہ سوچیں ان پر تنقید ہوگی۔ ان کی عزت میں اضافہ ہوگا، کہا ہم نہ حکومت کے خلاف ہیں نہ کسی سیاسی جماعت کے ساتھ ہیں۔ اگر 24 گھنٹوں کے اندر ہماری دادرسی ہوتی تو یہ نوبت نہ آتی۔

شہدا کے لواحقین کے ساتھ مذاکرات کے پانچ دور ہوچکے ہیں جس میں حکومت کو کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔

متاثرین کا کہنا ہے کہ وہ وزیراعظم عمران خان کے آنے تک اپنا دھرنا ختم نہیں کریں گے۔ گزشتہ روز وزیراعظم نے بھی درخواست کی تھی کہ میتوں کو دفنا دیں میں ہزارہ برادری سے ملنے ضرور آؤں گا۔

دوسری جانب اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ لاشوں کو دفنانا میرے دورے سے مشروط کرنا مناسب نہیں، مجھے بلیک میل نہیں کیا جاسکتا، لاشوں کو دفنا دیں تو آج ہی کوئٹہ آجاؤں گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے گزشتہ روز کہا تھا کہ وزیراعظم عمران سانحہ مچھ کے متاثرین سے اظہار تعزیت کیلئے رواں ہفتے کوئٹہ جائیں گے۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ متاثرین کی جانب سے کوئی غیرمناسب بات نہیں کی گئی۔ چاہتے ہیں ہلاک افراد کی تدفین ہو اور انہیں طے شدہ معاوضہ بروقت ملے۔

گزشتہ روزمسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرادری سانحہ مچھ کے لواحقین کے دھرنے میں پہنچے اور شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں