پاکستان میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن: 114 شہر اور متعدد دیہات تاریکی میں ڈوب گئے

اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان میں بیشتر شہروں اور دیہات میں اچانک بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوگیا۔ وزارت بجلی کے مطابق ملک کے تقریباً 114 شہروں میں بجلی کی لائن ٹرپ کرگئی ہے۔

ملک کے بڑے بجلی گھروں جہلم، منگلا، تربیلا میں پاور پلانٹس بند ہونے کی وجہ سے سندھ ،پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بجلی کانظام درہم برہم ہو گیا۔

بریک ڈاؤن کی وجہ سے کراچی، لاہور، اسلام آباد اور کوئٹہ سمیت کئی شہر تاریکی میں ڈوب گئے۔

ترجمان پاورڈویژن کا کہنا ہے کہ بجلی کے ترسیلی نظام میں فریکوئنسی اچانک 50 سے 0 پر آنے سے بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا ہے۔

ترجمان پاورڈویژن کا کہنا ہے کہ فریکوئنسی گرنے کی وجہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے ، عوام سے تحمل کی اپیل ہے۔

ترجمان پاورڈویژن کے مطابق تمام ٹیمیں اس وقت اپنے اپنے اسٹیشن ہر پہنچ چکی ہیں ، وفاقی وزیر پاور عمر ایوب بجلی بحالی کے کام کی نگرانی کر رہے ہیں۔

لاہور میں بجلی کے بریک ڈاؤن کے بعد کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے، لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ وہ فالٹ تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ادھر ملک کے سب بڑے شہر کراچی میں بھی بجلی آدھی رات کو اچانک بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

کراچی میں بجلی تقسیم کرنے والے ادارے کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق ملک بھر میں بڑا بریک ڈاون ہوا ہے جس کی وجوہات جاننے کی کوشش کررہے ہیں۔

اس بڑے بریک ڈاؤن کے باعث جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

کوئٹہ میں بجلی فراہم کرنے والے ادارے کیسکو کے حکام کا کہنا ہے کہ گدو سے کوئٹہ آنے والی بجلی کی مین ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرگئی، جس کے بعد کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 30 اضلاع کو بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں