نیو یارک (ویب ڈیسک) بھارتی فوج کے سابق لیفٹیننٹ جنرل دیپیندرا سنگھ ہوڈا نے کہا ہے کہ پلواما حملے میں بھارتی ساختہ بارود استعمال ہوا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی فوج کے سابق لیفٹیننٹ جنرل دیپندرا سنگھ ہوڈا نے نیویارک ٹائمز کو انٹرویو میں انکشاف کیا کہ پلواما حملے میں بھارتی ساختہ بارود استعمال ہوا ہے۔
بھارتی فوج کے سابق لیفٹیننٹ جنرل نے مزید کہا کہ جس جگہ حملہ ہوا وہ سری نگر سے بھی 20 کلومیٹر دور ہے، سرحد پار کر کے اور اتنی دور سے 700 پاؤنڈ وزنی بارودی مواد کی ترسیل ممکن نہیں۔
سابق لیفٹیننٹ جنرل نے کہا کہ اتنی بھاری مقدار میں بارود جائے وقوعہ پر پہنچنا بھی ایک سوال ہے، علاوہ ازیں اب بھارت کو حملے کے محرکات کو بھی سمجھنا ہوگا اور کشمیر کے مسئلے کا مکمل حل نکالنا ضروری ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلواما میں 14 فروری کو سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملے میں 55 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بغیر کسی تحقیق کے حملے کا الزام پاکستان پر دھر دیا تھا۔
وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں بھارت کو پلواما حملے کی تحقیقات میں مدد کی پیشکش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر کوئی ثبوت ہیں تو پاکستان کو فراہم کیے جائیں ہم سخت ایکشن لیں گے لیکن بھارت نے حملہ کیا تو سوچیں گے نہیں بلکہ جواب دیں گے۔