دہشت گردی کے پیش نظر لورالائی پولیس نے ایگل اسکواڈ کا آغاز کردیا

لورالائی (ڈیلی اردو) بلوچستان کے ضلع لورالائی میں ایگل اسکواڈ کا آغاز کردیا، ایس ایس پی برکت حسین کھوسہ اور اے ایس پی عطاء الرحمن ترین نے ایگل اسکواڈ کا افتتاح کیا ابتداء میں 12 موٹرسائیکلوں پر 50 کے قریب اہلکار علاقے میں گشت کرینگے جس سے علاقے میں حالیہ دہشت گردی کی لہر کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر ایس ایس پی برکت حسین کھوسہ کا کہنا تھا کہ ایگل اسکواڈ سے علاقے میں امن و امان کے قیام میں مدد ملے گی ابتدائی طور پر یہ اسکواڈ لورالائی شہر میں 24 گھنٹے گشت کرے گا جبکہ ہماری کوشش ہے کہ اس میں اضافہ کرنے کے ساتھ اس میں توسیع بھی جائے اور اسکا دائرہ اختیار دیگر شہروں تک بھی بڑھایا جائے۔

ایگل اسکواڈ بلوچستان کے دیگر شہروں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کررہا ہے اسکی مدد سے جرائم میں کافی حد تک کمی واقع ہوئی ہے انہوں نے اہلکاروں کو تاکید کی کہ وہ جانفشانی سے اپنی ڈیوٹی ادا کریں اور عوام کی خدمت و تحفظ میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے عوام سے مہذب طریقے سے پیش آئیں اور انکے ساتھ اپنے تعلقات مضبوط کریں تاکہ جرائم کے خاتمے میں مدد ملے کیونکہ اس حوالے سے عوام کا تعاون اور اعتماد ناگزیر ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال کے دوران لورالائی میں دہشتگردی کے واقعات میں سیکورٹی فورسز سمیت متعدد افراد شہید ہوچکے ہیں جسکی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان قبول کرچکی ہے اور کالعدم تنظیم نے مزید حملوں کی دھمکیاں بھی دے رکھی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں