چینی قونصلیٹ پر حملے میں مالی معاونت بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ نے کی: سی ٹی ڈی

کراچی (ویب ڈیسک) چینی قونصل خانے پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کی مالی معاونت بھارتی خفیہ ایجنسی را کی جانب سے کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے چینی قونصل خانے پر حملے کے مقدمے کا عبوری چالان کراچی کی انسداد دہشت گردی کی منظم عدالت میں پیش کردیا۔

چالان میں انکشاف ہوا ہے کہ قونصلیٹ پر حملے میں دہشت گردوں کو مالی معاونت بھارتی خفیہ ایجنسی را نے کی تھی۔

چالان میں بتایا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے سہولت کار ملزمان میں احمد حسنین، نادر خان، علی احمد، عبداللطیف اور اسلم گرفتار ہو چکے ہیں، عبداللطیف سمیت دو ملزمان اپنے جرم کا اعتراف بھی کرچکے ہیں، دونوں ملزمان نے مجسٹریٹ کے روبرو دفعہ 164 کا بیان قلمبند کرایا۔

چالان میں بتایا گیا ہے کہ گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم بلوچ لبریشن فرنٹ بی ایل اے سے ہے اور انہیں بھارتی ایجنسی را اور بیرون ملک سے مالی معاونت حاصل ہے، ملزمان نے ہلاک دہشت گرد کے ساتھ جائے وقوع سے قبل چینی قونصل خانے کی ریکی کی، ہلاک دہشت گردوں کو سہولت فراہم کی اور حملہ آوروں کو اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی فراہم کیا۔

سی ٹی ڈی نے چالان میں 5 سے زائد دہشت گردوں کو مفرور قرار دیا ہے۔ مفرور ملزمان میں ہربیار مری، علی داد بلیدی، کمانڈرشریف، راشد حسین اور سمیر شامل ہیں۔

چالان میں سی ٹی ڈی نے مفرور ملزمان کی انٹر پول کے ذریعے گرفتاری کی سفارش کی ہے اور کہا ہے کہ مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے رابطہ کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں