اسلام آباد (ویب ڈیسک) بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر مظاہرین نے گیٹ سے زبردستی اندر گھسنے کی کوشش اور گیٹ کو توڑنے کی کوشش کی۔
دفترخارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں موجود پاکستانی سفارتکاروں اور ان کے خاندان کو ڈرانے دھمکانے کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان ہائی کمیشن کے اہلکاروں کو بھارتی انتہا پسندوں کی جانب سے دھمکی آمیز فون کالز بھی آرہی ہیں جب کہ پاکستان ہائی کمیشن کے باہر مظاہرین نے گیٹ سے زبردستی اندر گھسنے کی کوشش بھی کی اور پاکستانی سفارتی عملے سے متعلق نامناسب زبان کا استعمال کیا گیا۔
ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کرکے بھارت میں سفارتکاروں کو ہراساں کرنے پر شدید احتجاج کیا اور بھارت میں اپنے ہائی کمیشن کی ناقص سیکیورٹی پرتشویش کا اظہار کیا۔
ترجمان دفترخارجہ نے بھارتی قائم مقام ہائی کمشنر سے پاکستانی ہائی کمیشن کے دروازے تک مظاہرین کی رسائی پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بھارت سیکیورٹی کی ناکامی کے واقعے کی تحقیقات کرے اور بھارتی حکومت واقعات کا نوٹس لے کر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے۔