11

ٹیکس چور ملک اور قوم کےدشمن ہیں: وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ ٹیکس چور ملک اورقوم کے دشمن ہیں، ٹیکس چوروں کے خلاف کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی انہیں عوام کے سامنے بےنقاب کیاجائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ باقاعدگی سے ٹیکسز ادا کرنے والوں کوہراساں کرنے کی بجائے ٹیکس چوروں اور نادہندگان پر توجہ مرکوز کی جائے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں محصولات وصولی کےامور پراجلاس ہواجس میں چیئرمین ایف بی آر نے ٹیکس اکٹھا کرنے، ٹیکس بیس میں اضافےاور نادہندگان سے ٹیکس وصولی کے نئے اقدامات پر بریفنگ دی۔

چیئرمین ایف بی آر نےبتایاکہ نادہندگان میں ہائی نیٹ ورتھ افراد کے چھ ہزار سے زائد کیسز زیرِ غور ہیں جس سے دو ارب روپے سے زائد کی آمدن متوقع ہے،اب تک 1.3ارب کی وصولی کی جا چکی ہے ۔بیرون ملک جائیدادوں کے کیسز میں اب تک چھ ارب سےزائد کےواجب الاداٹیکسز اکٹھے کیے جا چکے ہیں۔

چیئرمین ایف بی آر کےمطابق اب تک دو ہزار پلازہ کی میپنگ کی جا چکی ہے، نئے اقدامات کے تحت 24.818ارب روپے کی وصولی متوقع ہے، اب تک 11.882ارب روپے وصول کیے جا چکے ہیں۔

وزیراعظم نےہدایت کی کہ نا دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائےاورٹیکس دہندگان کے لئے آسانیاں پیدا کی جائیں، ٹیکس نادہندگان اور ٹیکس چور ملک دشمن ہیں انہیں عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔

وزیراعظم نےہدایت کی کہ ٹیکس چوروں کے خلاف بلا تفریق کاروائی کے ساتھ ساتھ ٹیکس چوری میں سہولت فراہم کرنے والے محکمے کے بدعنوان عناصر کے خلاف کاروائی کو بھی یقینی بنایا جائے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں