ملک میں ایک بار پھر سے دہشت گرد منظم ہو رہے ہیں، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید

اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ ملک میں ایک بار پھر سے دہشتگرد منظم ہو رہے ہیں۔

پمز ہسپتال میں زخمی پولیس اہلاکروں کی عیادت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ زندگی کا کوئی معاوضہ نہیں ہے، پولیس نے جانوں کا نذرانہ پیش کر کے امن کی فضا قائم کی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا دہشت گردوں کو پسپا کرنے میں پولیس اور فوج نے نمایاں کردار ادا کیا ہے، ایک بار پھر سے دہشتگرد منظم ہو رہے ہیں، ایک ہی دن میں جڑواں شہروں میں ایک انسپکٹر سمیت 2 پولیس اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان سے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) دوبارہ منظم ہو رہی ہے، راولپنڈی اور پشاور میں بھی خطرات ہیں، دہشتگرد حلال اور عدنان رشید کے کمانڈر متحرک ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور فوج امن و امان قائم کرتی ہے، کل افواج نے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے، دہشتگرد شکست کھائیں گے اور ملک میں امن و سکون کی فضا قائم ہو گی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سارے ناکے فضول تھے، غریبوں کو تنگ کرنے والے ناکے ختم کر رہے ہیں۔

خیال رہے گزشتہ روز راولپنڈی اور اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی تھی۔ اسلام آباد میں نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے جن میں سے ایک اہلکار قاسم ہلاک ہو گیا جب کہ دو زخمیوں جمیل اور قیصر کا ہسپتال میں علاج معالجہ کیا جا رہا ہے۔

دونوں حملوں کی ذمہ داری کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے قبول کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں