گلگت بلتستان: نلتر میں مسافر گاڑی پر فائرنگ، 5 افراد ہلاک، 8 زخمی

گلگت سٹی (مظفر حسین) گلگت بلتستان کے ضلع نلتر بالا میں مسافر گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہو گئے ہیں۔

https://twitter.com/Hafiz_Qureshii/status/1375076272817201155?s=19

ایس ایس پی گلگت مرزا حسین کے مطابق مسافر گاڑی گلگت سے نلتر بالا جا رہی تھی کہ نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے نلتر پائن میں آر سی سی پل کے قریب گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔

ایس اہس پی کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوئے، لاشوں اور زخمیوں کو گلگت سٹی ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

ایس ایس پی کا مزید بتانا ہے کہ ہلاک اور زخمیوں کا تعلق نلتربالا سے ہے۔ فائرنگ کے سانحے میں ہلاک و زخمی ہونے والے افراد کی تاحال شناخت نہیں کی جا سکی ہے۔

گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ اور کمشنر گلگت سے رپورٹ طلب کرلی۔

گورنر گلگت بلتستان نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے میں ملوث ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، واقعے کی تحقیقات کے لئے متعلقہ اداروں کو احکامات جاری کردیے ہیں۔

راجا جلال حسین مقپون نے ہلاک افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ افسوسناک واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں اور وادیوں میں پچھلے چند برسوں سے انتہا پسندی اور فرقہ وارانہ کشیدگی کے باعث تشدد کے واقعات دیکھنے میں آئے ہیں۔

چند سال قبل، اسی علاقے میں نامعلوم عسکریت پسندوں نے ایک ہی روز مختلف علاقوں میں سکولوں کو جلایا تھا، جبکہ سکیورٹی فورسز پر حملوں میں متعدد اہلکاروں کو بھی ہلاک کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں