پنجاب: راولپنڈی سے تحریک طالبان پاکستان کے 4 دہشت گرد گرفتار

اسلام آباد (ش ح ط) کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر راولپنڈی میں کارروائی کرتے ہوئے چار خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کر کے جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد پر حملوں کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشتگرد راولپنڈی دھماکے میں ملوث تھے۔

سی ٹی ڈی نے راولپنڈی کے علاقے گنج منڈی میں ہینڈ گرنیڈ پھینکنے اور حساس اداروں پر حملے میں ملوث چار دہشت گردوں کو روالپنڈی کے علاقے سے گرفتار کرلیا ہے۔

دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد، اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ راولپنڈی دھماکے کی جگہ سے اکٹھے کیے گئے شواہد کی روشنی میں دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ دہشت گرد پہلے کالعدم تنظیم کے ساتھ مل کر کارروائیاں کرتے تھے اور اب رقم کے لالچ میں مختلف علاقوں میں کاروائیاں کر رہے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان نے یہ بھی تسلیم کیا کہ وہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے حمایت یافتہ ہیں اور افغانستان میں موجود نیٹ ورک کے ماسٹر مائنڈ سے وابستہ ہیں اور انہیں افغانستان سے فنڈنگ کی جاتی ہے جبکہ وہ پیسوں کے عوض یہ کام کرتے ہیں۔

سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں نے آئندہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں حساس اداروں کے افسران اور دفاتر پر حملہ کی منصوبہ بندی کی ہوئی تھی۔

گرفتار ملزمان سے تحقیقات اور نیٹ ورک کا پتہ لگانے کیلئے انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ انکے نام خفیہ رکھے جارہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں