کراچی میں گاڑی پر فائرنگ، مفتی سلیم اللہ شدید زخمی

کراچی (ط ع ش) صوبہ سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح افراد نے تعاقب کے بعد گاڑی پر فائرنگ کرکے مفتی سلیم اللہ کو شدید زخمی کردیا۔

تفصیلات کے مطابق منگھو پیر ایم پی آر کالونی میں دو نامعلوم مسلح افراد نے گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 40 سالہ مفتی سلیم اللہ شدید زخمی ہوگئے۔

ایس ایس پی ویسٹ سوہائی عزیز کے مطابق مفتی سلیم اللہ مدرسے کے قریب پہنچے تو گھات لگائے ناملعوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی۔

دوسری جانب مفتی سلیم کے اہلخانہ اور دوستوں نے واقعے کی شفاف تحقیقات کے لئے اعلیٰ حکام سے اپیل کردی۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق مفتی سلیم اللہ کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال لایا گیا۔ ایک گولی بازو سے گزر کر پیٹ میں لگی، حالت خطرے سے باہر ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی میں مفتی سلیم اللہ کے ساتھ ان کی اہلیہ سمیت دو خواتین بھی موجود تھیں تاہم خوش قسمتی سے وہ فائرنگ سے محفوظ رہیں۔

واقعے کے بعد نامعلوم مسلح افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

ڈی آئی جی ویسٹ عاصم قائمخانی نے فائرنگ کے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مفتی سلیم اللہ کو دو گولیاں لگی ہیں اور انہیں مقامی ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے، واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے یا اس کے پیچھے کچھ اور محرکات ہیں، اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔

دوسری جانب پولیس نے بھی واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزمان نے شناخت چھپانے کے لیے ماسک اور ٹوپی کا استعمال کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے ممکنہ طور پر مفتی صاحب کی ریکی کی تھی جبکہ جائے وقوعہ سے کوئی خول نہیں ملے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں