ایران میں اسرائیلی سمیت متعدد غیر ملکی جاسوس گرفتار

تہران (ڈیلی اردو) ایران کے انٹیلی جنس ایجنسیوں نے شمال مغربی صوبہ مشرقی آذربائیجان میں ایک اسرائیلی سمیت متعدد غیر ملکی جاسوسوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

اس صوبہ کے ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس نے سوموار کے روز سرکاری میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کو بتایا ہے کہ ’’ ایک اسرائیلی جاسوس اور متعدد دوسرے جاسوسوں کو پکڑا گیا ہے۔ ان کے مختلف ممالک کی سکیورٹی سروسز سے روابط تھے۔‘‘

ایرانی وزارت سراغرسانی کے مطابق ایرانی خفیہ ادارے نے اسرائیلی جاسوس کو مشرقی آذربائیجان صوبے سے پکڑا اور اسرائیلی جاسوس کے دیگر ساتھیوں کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیلی جاسوس اور اس کے ساتھیوں کے کئی ممالک کی خفیہ ایجنسیوں سے رابطے تھے۔

اس اعلیٰ افسر نے یہ بھی نہیں بتایا کہ یہ گرفتاریاں کب عمل میں آئی تھیں۔ واضح رہے کہ ایران میں جاسوسی کے الزامات ثابت ہونے کی صورت میں ملزم کو سزائے موت سنائی جاتی ہے۔

مشرقی آذربائیجان ایران کے شمال مغرب میں واقع ہے اور اس کا دارالحکومت مشہور شہر تبریز ہے۔ اس کی سرحدیں پڑوسی ممالک آرمینیا اور جمہوریہ آذربائیجان سے ملتی ہیں اور یہاں آذری نسل کے لوگ لاکھوں کی تعداد میں آباد ہیں۔

دوسری جانب اسرائیل نے ایران میں اسرائیلی جاسوس کی گرفتاری سے متعلق ابھی کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں