یمن خانہ جنگی: بارودی سرنگوں سے 8 ہزار افراد ہلاک

عدن + صنعا (ڈیلی اردو/صبا) یمن میں کئی سالوں سے جاری خانہ جنگی کے دوران حوثی گروہ کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگوں کے باعث اب تک 8 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

یمن کے سرکاری خبر رساں ادارے صبا کے مطابق حوثی ملیشیا کی جانب سے نصب بارودی سرنگوں اور دھماکہ خیز مواد کے باعث یمن میں بڑی انسانی تباہی ہوئی ہے، اس میں ستمبر 2014 کو جنگ شروع ہونے سے اب تک بچوں اور خواتین سمیت 8 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

اس نے کہا کہ حوثیوں کی جانب سے نصب کی گئی بارودی سرنگوں کی وجہ سے حکومت نواز قومی فورسز کے ساتھ منسلک بم ناکارہ بنانے والے 61 تکنیکی ماہرین بھی ہلاک ہوئے۔

اس نے مزید کہا کہ بم ناکارہ بنانے والے تکنیکی ماہرین نے جنگ زدہ ملک میں گزشتہ 6 سال کے دوران 6 لاکھ 89 ہزار سے زائد بارودی سرنگیں اور دھماکہ خیزمواد ناکارہ بنائے یا تباہ کئے ہیں۔

انسانی تنظیموں کی گزشتہ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ دوسری عالمی جنگ کے بعد یمن بارودی سرنگوں والا دنیا کا سب سے بڑا میدان جنگ بن چکاہے۔

یمن 2014 کے آخر سے خانہ جنگی کی لپیٹ میں ہے جب ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا نے یمن کے متعدد شمالی صوبوں پر قبضہ کرلیا اور صدر عبدربو منصور ہادی کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کو دارالحکومت صنعا سے نکلنے پر مجبور کردیا۔

سعودی عرب کی زیرقیادت عرب اتحاد نے 2015 میں ہادی کی حکومت کی مدد کرنے کیلئے یمن کے تنازعہ میں مداخلت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں