ایرانی جوہری معاہدے پر مذاکرات ویانا میں دوبارہ شروع

ویانا (ڈیلی اردو/شِنہوا) مشترکہ جامع عمل منصوبے (جے سی پی او اے) جسے ایرانی جوہری معاہدہ بھی کہا جاتا ہے کے مشترکہ کمیشن کا اجلاس جمعہ کو ویانا میں دوبارہ شروع ہوگیا ۔ایران پر عائد پابندیوں کا خاتمہ اور جوہری اقدامات پر عملدرآمد اجلاس کے ایجنڈے میں سرفہرست ہیں۔

یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس (ای ای اے ایس) نے مذاکرات سے قبل ایک پریس ریلیز میں کہا تھا کہ اجلاس کے شرکاء امریکہ کی معاہدے میں ممکنہ واپسی کے پیش نظر اور تمام متعلقہ فریقین کی جانب سے جے سی پی او اے پر مکمل اور موثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے رواں ہفتے ماہرین کے تمام متعلقہ گروپوں سمیت مختلف سطح پر ہونے والی بات چیت کا جائزہ لیں گے۔

مشترکہ کمیشن کے مذاکرات منگل کو شروع ہوئے تھے، معاہدے کو بچانے کے لئے امریکی نمائندوں کی ویانا میں موجودگی سے مذاکرات کوعوامی توجہ حاصل ہوئی تھی۔

ایرانی جوہری معاہدہ 2015 میں ہوا تھا لیکن 2018 میں امریکہ کے اس معاہدے سے دستبردار ہونے سے یہ مفلوج ہو گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں