لندن: برطانیہ کے شہزادہ فلپ 99 سال کی عمر میں انتقال کر گئے

لندن (بیورو رپورٹ) برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوم کے شوہر شہزادہ فلپ 99 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔

بکنگھم پیلس نے جمعہ کے روز ایک بیان میں کہا کہ ملکہ برطانیہ کی جانب سے انتہائی افسوس کے ساتھ یہ اعلان کیا جاتا ہے کہ ان کے پیارے شوہر ڈیوک آف ایڈنبرا شہزادہ فلپ وفات پا گئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ شہزادہ فلپ نے آج صبح ونڈسر محل میں وفات پائی۔ مزید اعلانات مقررہ وقت پر کیے جائیں گے۔ شاہی خاندان اپنے اس نقصان پر دنیا بھر کے لوگوں کے ساتھ مل کر سوگ منا رہا ہے۔

سکائی نیوز نے کہا ہے کہ سرکاری سطح پر ابھی تک انکی آخری رسومات سے متعلق کوئی اعلان نہیں کیا گیا لیکن یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ ریاستی سطح پر آخری رسومات ادا کرنے کے بجائے ڈیوک آف ایڈنبرا کی خواہش کے مطابق رسمی شاہی طریقے سے ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔

بکنگھم پیلس کے مطابق ڈیوک آف ایڈنبرا کو 1 ماہ طویل علاج کے بعد گزشتہ ماہ ہی ہسپتال سے فارغ کیا گیا تھا۔ ان کا پہلے سے لاحق دل کے مرض کیلئے علاج کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں