10

مالی میں فرانسیسی سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، القاعدہ کا اعلیٰ ترین کمانڈر مارا گیا

پیرس (ویب ڈیسک) افریقی ملک مالی میں فرانسیسی فوج کے آپریشن میں القاعدہ کا اعلیٰ ترین کمانڈر یحیٰ ابو الحمامی مارا گیا۔

اس سے قبل بھی القاعدہ کمانڈر اور ٹمبکٹو کے سابق گورنر ابو یحیٰ الحمامی کی ہلاکت کا متعدد بار دعویٰ کیا جا چکا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افریقی ملک مالی کے شمال مغربی علاقے میں فوجی آپریشن کے دوران القاعدہ کا اعلیٰ ترین سرگرم کمانڈر یحیٰ ابوالحمامی دوبدو لڑائی میں ہلاک ہوگیا۔ فوجی آپریشن مقامی فوج نے فرانسیسی فوج کی کمان میں مشترکہ طور پر کیا۔

فرانسیسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ خفیہ اداروں سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر کامیاب ملٹری آپریشن کیا گیا، اس آپریشن کی کامیابی کی سب سے بڑی وجہ انتہائی مطلوب معروف اور اعلیٰ ترین کمانڈر ابو یحیٰ کی ہلاکت ہے۔

ابو یحیٰ الحمامی کا تعلق الجزائر سے تھا اور وہ شمالی و مغربی افریقہ میں جہادی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ اغوا کی کئی وارداتوں میں سیکورٹی اداروں کو مطلوب تھا۔ ابو یحیٰ دہشت گردانہ حملوں کا منصوبہ ساز بھی تھا۔

واضح رہے کہ اپریل 2012 سے مارچ 2013 تک القاعدہ کی حکومت کے دوران ٹمبکٹو کے گورنر رہنے والے ابو یحیٰ الحمامی کی ہلاکت کا متعدد بار دعویٰ کیا جا چکا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں