راولپنڈی: سابق ڈی جی آئی ایس آئی حمید گل کے بیٹے عبداللہ گل کے خلاف دہشتگردی کا مقدمہ درج

راولپنڈی (ڈیلی اردو) سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹنٹ جنرل حمید گل کے بیٹے کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

دفاع پاکستان کونسل اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے رہنما عبداللہ گل کے خلاف مقدمہ ائیرپورٹ تھانے میں درج کیا گیا ہے۔

‏تفصیلات کے مطابق راولپنڈی پولیس نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹنٹ جنرل حمید گل کے بیٹے عبداللہ گل کے خلاف شدت پسند تنظیم تحریک لبیک پاکستان کے گرفتار سربراہ سعد رضوی سے اظہار یکجہتی و سیکیورٹی فورسز کو دھمکیاں دینے کے جرم میں دہشتگردی کی دفعات تحت مقدمہ درج کر لیا۔

عبداللہ گل کے خلاف درج کی جانے والی ایف آئی آر میں لکھا گیا ہے کہ عبداللہ گل سعد رضوی کو ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف اکسانے اور پھر اس ضمن میں تمام ترحمایت کا یقین دلانے میں شامل نظر ائے۔

ایف آئی آر کے مطابق عبداللہ حمید گل نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں کہا کہ میں اپنی تحریک نوجوانان پاکستان موومنٹ کال دوں گا کہ سعد رضوی میرا بھائی ہے اور میں اس کی گرفتاری کی مذمت کرتا ہوں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ان کے پاس کافی ثبوت ہیں کہ عبداللہ گل سعد رضوی کو ملک بھر میں پرتشدد احتجاجی مظاہروں کے لیے اکسانے میں پیش پیش تھے۔
پولیس نے مذکورہ ویڈیو کو بھی بطور ثبوت ضبط کر لیا ہے اور ایف آئی آر میں کہا ہے کہ عبداللہ نے جوانان پاکستان موومنٹ کے ذریعے ریاست کو دھمکی دے کر نفرت کو ابھار کر انارکی اور تشدد کی فضا پیدا کی اور عوام الناس میں خوف و ہراس پیدا کرکے ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق عبداللہ حمید گل نے مزید کہا کہ اگر سعد رضوی کو رہا نہ کیا گیا تو میں اپنی تحریک اس میں شامل کر دوں گا اور آپ دیکھیں گے کہ دما دم مست قلندر ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں