یمن کے علاقے مارب میں جاری لڑائی میں 100 سے زائد افراد ہلاک

صنعا (ڈیلی اردو) یمن کے علاقے مارب میں جاری لڑائی میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے، اقوام متحدہ نے جنگ بندی پر عمل کرنے پر زور دیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یمن کے مرکزی علاقے مارب میں حکومتی فورسز اور حوثی باغیوں کے درمیان جنگ کئی روز سے جاری ہے۔ دونوں فورسز ایک دوسرے پر شدید حملے کر رہی ہیں۔

یمن کا بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے، اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ برائے یمن نے متحارب فریقوں سے جنگ بندی پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔

واضح رہے کہ یمن میں گزشتہ 7 سالوں سے جاری جنگ کے دوران محتاط اندازے کے مطابق 2 لاکھ 37 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ مذکورہ ملک میں شدید بھوک، افلاس اور غربت تو پہلے ہی شدید تھی کورونا کی صورتحال نے جہاں عالمی معیشت کو نقصان پہنچایا ہے وہاں جنگ زدہ ملک کی معیشت کی زبوں حالی انتہا کو چھو رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں