چترال میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام، تحریک طالبان پاکستان کا دہشت گرد گرفتار

چترال (ڈیلی اردو) سی ٹی ڈی نے خیبر پختونخوا کے ضلع چترال میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیا، لوئر چترال میں کارروائی کے دوران غیر ملکی دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے چترال میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کارروائی کے دوران غیر ملکی دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس افیسر سونیہ شمروز خان نے بتایا کہ سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کے ساتھ مشترکہ سرچ اینڈ اسٹرائک اپریشن کیا گیا جس کے دوران دروش بازار میں واقع ایک دکان پر چھاپے کے دوران آفتاب ولد محمد اعظم ساکن افغانستان کے دوکان سے 21850 میٹر سیفٹی فیوز اور 1911 عدد ڈینامائیٹ برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

ابتدائی تفتیش میں ملزم نے برآمد شدہ پاوڈر اور دھماکہ خیز مواد کو اپنی ملکیتی بتلا کر اپنے آپکو ایک کالعدم تنظیم کا سرگرم رکن بتلایا اور مزید انکشاف کیا کہ وہ یہ مواد تخریب کاریوں میں استعمال کرنے کے لئے رکھا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس افیسر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے شرپسند عناصر کو چترال کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔

ملزم کے خلاف سی ٹی ڈی تھانہ سوات میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے دفعہ 7 اور ایکسپلوسیوز ایکٹ کے دفعہ 4/5 کے تحت مقدمہ درج کرکے ان کا دس دن کا ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں