شارجہ (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے تیرہویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے 144 رنز کا ہدف 17 ویں اوور کی پہلی گیند پر 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
کراچی کنگز کی جانب سے اننگز کا آغاز بابر اعظم اور کولن منرو نے کیا جو کہ مایوس کن رہا اور ابتداء میں ہی کراچی کو نقصان اٹھانا پڑا، 74 کے مجموعی اسکور پر 6 کھلاڑی لوٹ گئے۔
بین ڈنک اور عامر یامین نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو ٹرپل فگر میں پہنچایا اور دونوں کے درمیان ساتویں وکٹ پر 69 رنز کی شراکت داری ہوئی۔
کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے۔
کنگز کی جانب سے بین ڈنک 49 اور عامر یامین 35 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ بابر اعظم 27 رنز بناسکے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف نے 3، رومان رئیس اور محمد موسی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
کراچی کنگز کے 144 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا آغاز مایوس کن رہا اور پہلی وکٹ ڈیلپورٹ کی گری جو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
دوسری وکٹ کی شراکت میں لیوک رونکی اور صاحبزادہ فرحان نے 80 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کی پزیشن مستحکم کی تاہم 85 کے مجوعی اسکور پر صاحبزادہ فرحان 30 رنز بناکر عماد وسیم کاشکار بنے اور عماد وسیم کی اگلی ہی گیند پر حسین طلعت بھی آؤٹ ہوئے۔
چوتھی وکٹ کی شراکت نے لیوک رونکی اور سمت پٹیل نے 62 رنز بناکر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ لیوک رونکی 67 اور سمت پٹیل 45 رنز بناکر ناقابل شکست رہے اور ٹیم کو 7 وکٹوں سے فتح دلائی۔
کراچی کنگز کی جانب سے عماد وسیم نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع انجری کے باعث میچ میں شرکت نہیں کرسکے تھے اور ان کی جگہ نوجوان آل راؤنڈر شاداب خان نے ٹیم کی قیادت کی۔