جامشورو آپریشن: دو خودکش بمبار سمیت تحریک طالبان پاکستان کے 5 دہشت گرد گرفتار

کراچی (ڈیلی اردو) کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور سندھ رینجرز کے جامشورو میں مشترکہ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے 5 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیا جن میں 2 مبینہ خودکش حملہ آور بھی شامل ہیں۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد حامد کے مطابق گرفتار دہشت گردوں نے ٹریننگ سینٹر سعید آباد پر خودکش حملہ کرنا تھا جس کے لیے ریکی بھی کر رکھی تھی۔

https://twitter.com/ShabbirTuri/status/1384099634717491201?s=19

سندھ رینجرز کے کرنل شبیر کے مطابق دہشت گردوں کا سرغنہ سوات آپریشن کے دوران افغانستان فرار ہوگیا تھا، پاسپورٹ ریکارڈ کے مطابق دہشت گرد طورخم کے راستے 2 بار پاکستان آچکا تھا۔

گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے 2 خودکش جیکٹس، ڈیٹونیٹرز، 8 میٹر پرائما کارڈ، 6 ہینڈ گرنیڈز، 3 ایس ایم جیز، 2 نائن ایم ایم پستول، 2 پولیس یونیفارم، پولیس ٹریننگ سینٹر سعید آباد کا نقشہ، موبائل فونز اور سی ڈیز برآمد کر لی گئیں۔

5 دہشت گردوں میں شیراز اکبر عرف حمزہ ولد شفیع اکبر، لیاقت علی عرف حذیفہ ولد سرزمین، میرویس عرف شام عرف تندر ولد عبدالمنان، عامر خان عرف عمر ولد فضل حق، نگارعلی عرف زید ولد مستونگ خان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار 2 دہشت گرد عامر خان عرف عمر اور نگار علی عرف زید خودکش بمبارہیں۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں نے دوران تفتیش کئی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا جس میں 3 فروری 2018 میں کبل سوات میں پاک آرمی کے والی بال میچ کے دوران خودکش حملہ کیا جس میں ایک کیپٹن سمیت 11 جوان ہلاک ہوئے جبکہ 13 زخمی ہوئے، 8 مئی 2019 کو لاہور میں داتا دربار میں حملہ کیا جس میں 10 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہوئے، فروری 2019 کو پشاور میں ججز کالونی میں خودکش حملہ کرنے کی کوشش کی جس کو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا، اگست 2019 دیر میں امن لشکر کے امیر ملک معتبر خان پر خودکش حملہ کیا جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے، جون 2018 کو کارخانو مارکیٹ پشاور میں عبدالرحیم آفریدی کی دکان پر بھتہ نہ دینے پر آئی ای ڈی نصب کی جو پولیس نے ناکام بنادی، اپریل 2018 میں کچلاک بلوچستان میں آرمی اورایف سی کی گاڑیوں پر خود کش حملے جس میں 7 اہلکار ہلاک اور 15 زخمی ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں