افغان فورسز نے ہلمند میں 28 افراد کو طالبان کی جیل سے رہا کردیا

کابل (شِنہوا) افغان فوج نے شورش زدہ جنوبی صوبہ ہلمند میں پیر کی رات ایک خصوصی کارروائی آغاز کرتے ہوئے طالبان کے ایک حراستی مرکز سے 28 افراد کو رہا کردیا جبکہ اس کارروائی میں چھ مسلح طالبان ہلاک ہوگئے۔

وزارت دفاع نے منگل کے روز تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ افغان نیشنل آرمی کے کمانڈوز نے ہلمند کے موسیٰ قلعہ ضلع کے ملحقہ علاقوں میں چھاپہ مار کارروائی شروع کی، جب فوجی مطلوبہ اہداف کے قریب پہنچے تو فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا اور چھ مسلح طالبان مارے گئے۔

بیان کے مطابق رہا کیے گئے افراد کو فوجی کیمپ منتقل کرنے کے بعد ان کا طبی معائنہ کیا گیا۔

طالبان باغی اکثر وبیشتر دیہات اور شاہراہوں سے شہریوں اور چھٹی پر ہونے والے فوجیوں کو حراست میں لے لیتے ہیں اور سرکاری سکیورٹی فورسز کے لئے جاسوسی کرنے پر شہریوں کو سزا دیتے ہیں۔

طالبان عسکریت پسند گروپ نے تاحال اس رپورٹ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں