نئی دلی (ڈیلی اردو) بھارت کے معروف عالم دین مولانا وحید الدین خان علالت کے باعث انتقال کرگئے۔ حال ہی میں ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، انہیں 12 اپریل کو کورونا کے باعث اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مولانا وحید الدین خان کی عمر 96 برس تھی اور وہ نئی دلی کے ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ انہوں نے پسماندگان میں دو بیٹے اور دو بیٹیاں چھوڑی ہیں۔
مولانا وحیدالدین خان عام طور پر دانشور طبقہ میں امن پسند مانے جاتے ہیں۔ ان کا مشن مسلمان اور دیگر مذاہب کے لوگوں میں ہم آہنگی پیدا کرنا اور اسلام کے متعلق غیر مسلموں میں جو غلط فہمیاں ہیں انہیں دور کرنا تھا۔
مولانا وحید الدین خان نے بہت سی مذہبی کتابیں لکھیں جن میں راز حیات، ظہور اسلام، مذہب اور سائنس، تعبیر کی غلطی اور خاتون اسلام وغیرہ شامل ہیں۔
انہوں نے قرآن مجید کا انگریزی میں ترجمہ کیا، قرآن کی تفسیر بھی لکھی۔ وہ طویل عرصے تک جمعیت علماء ہند سے بھی وابستہ رہے۔ ان کی علمی خدمات کے باعث بھارتی حکومت نے انہیں دوسرے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ پدما وی بھوشن سے نوازا تھا۔ اس کے علاوہ بھی مولانا وحید الدین کو کئی انٹر نیشنل ایوارڈز مل چکے ہیں۔
Saddened by the passing away of Maulana Wahiduddin Khan. He will be remembered for his insightful knowledge on matters of theology and spirituality. He was also passionate about community service and social empowerment. Condolences to his family and countless well-wishers. RIP.
— Narendra Modi (@narendramodi) April 22, 2021
وزیراعظم نریندر مودی نے مولانا وحیدالدین خان کی رحلت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ مودی نے کہا کہ وہ دینیات اور روحانیت کے امور میں اپنی بصیرت افروز معلومات کیلئے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ مولانا وحید الدین خان کو معاشرے کی خدمت اور سماج کو با اختیار بنانے میں بے حد دلچسپی تھی۔