افغانستان سے غیرملکی افواج کے انخلاء کا عمل شروع

واشنگٹن + کابل (ڈیلی اردو/این این آئی) امریکا خلیج میں اپنے دو بی 52 بمبارطیارے بھیج رہا ہے۔ دوسری جانب امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان نے تصدیق کی کہ بی ایس 52 آپریشن کے علاقے میں پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئزن ہاورطیارہ بردار جہاز افغانستان سے فوجیوں کے انخلا میں مدد کے لیے وہاں موجود رہے گا۔

امریکی ٹی وی کے مطابق ایک امریکی طیارہ بردار بحری جہاز افغانستان سے انخلا کے دوران امریکی افواج کے تحفظ کے کام کی قیادت کرے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ افغانستان میں امریکی اور نیٹو افواج کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اضافی امریکی افواج مرکزی علاقے کی طرف جارہی ہیں۔ ان ذرائع نے تصدیق کی کہ امریکی طیارہ بردار بحری جہاز “آئزن ہاور” اب اس مشن کی مدد میں بحیرہ عرب خطے میں ہے اور یہ کہ اس مشن کی مدد میں بی 52s فضا میں اڑ رہے ہیں۔

ادھر افغانستان کیلئے پاکستان کے نمائندہ خصوصی محمدصادق افغان رہنمائوں کے ساتھ امن عمل اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے سے متعلق مذاکرات کیلئے آج اتوار سے افغانستان کا دو روزہ دورہ کرینگے۔سرکاری اور سفارتی ذرائع نے نیوز ایجنسی کو بتایاکہ محمد صادق کو ان کے افغان ہم منصب عمر دائود زئی نے دورے کی دعوت دی تھی ۔

ذرائع کے مطابق محمد صادق کے ساتھ سیکورٹی اہلکاروں کے علاوہ وزارت تجارت کے نمائندے بھی ہونگے جو دورے کے دور ان اقتصادی معاملات اور بالخصوص افغان ٹرانزٹ تجارت معاہدے پر گفتگو کرینگے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں