جائیداد کا تنازع: فریقین کی مسجد میں ایک دوسرے پر فائرنگ، 2 ہلاک، 5 زخمی

پشاور (ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور کے علاقے تہکال میں جائیداد کے تنازع پر مسجد میں گولیاں چل گئیں، دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور پانچ زخمی طہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ روزے سے کچھ دیر قبل پلوسی تلڑزئی میں واقع مسجد کے اندر پیش آیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق گزشتہ روز پلوسئی تلڑزئی میں اصغر نامی شخص نے جائیداد کے تنازعہ پر مسجد میں فائرنگ کر کے اپنے بھتیجے ندیم کو قتل کردیا جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر قریبی گھر میں جوانسال دوشیزہ مسماۃ طاہرہ بھی موقع پر ہلاک ہوگئی۔

فائرنگ سے 4 نمازی سراج گل، شریف، مسعود جان، اور رضا خان شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امدادی کی فراہمی کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد مختلف زاؤیوں پر تفتیش شروع کردی۔

ابتدائی تحقیقات

تہکال پولیس نے پلوسئی تلڑزئی میں واقعہ کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی جس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مقتول اور ملزم فریق کے بعد عرصہ دراز سے جائیداد کا تنازعہ چلا آرہا تھا جبکہ اس ضمن میں کئی بار جرگے بھی ہوئے۔

چند روز قبل دونوں فریقین سے جرگہ مشران نے ضمانت کے طور پر 5ٗ ،5 لاکھ روپے لئے تھے جس پر ملزم اصغر نے خلاف ورزی کی تو جرگہ مشران نے سے 2 لاکھ 70 ہزار روپے جرمانہ کیا تو ملزم اصغر 2 لاکھ 30 ہزار روپے واپس لینے کامطالبہ کررہا تھا جس پر چچا بھتیجے میں جھگڑا ہوا اور پھر بات خون خرابے تک پہنچ گئی پولیس کے مطابق مزید تفتیش جاری ہے۔

حالات کشیدہ

فائرنگ کے بعد ملزمان گھر بار چھوڑ کر فرارہوگئے جبکہ حالات کشیدہ ہونے پر پولیس کی بھاری نفری طلب کی گئی۔

دوسری جانب مقتولین کے ورثاء میں شدید اشتعال پایاجاتا ہے جبکہ علاقے کے مکینوں میں خوف وہراس بھی پھیلا ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق حالات قابو پانے کیلئے پولیس کی بھاری نفری طلب کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں