اقوام متحدہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی غیرقانونی کارروائیوں کا نوٹس لے، پاکستان

اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان نے اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ رمضان المبارک میں معصوم فلسطینیوں کے خلاف قابض اسرائیلی فورسز کی غیرقانونی کارروائیوں کا نوٹس لیتے ہوئے فوری اقدامات کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے مقبوضہ فلسطینی علاقے میں مسلمانوں کو ہراساں کرنے اور معصوم فلسطینیوں کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے آغاز سے اسرائیلی فورسز کے غیر قانونی اقدامات میں بہت زیادہ اضافہ ہوگیا ہے۔ فلسطین میں حالیہ واقعات پر پاکستان کو شدید تشویش ہے۔

زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقے میں صورتحال تشویشناک ہے، نماز کے لئے جانے والے معصوم فلسطینیوں کو ہراساں اور گرفتار کیا جاتا ہے، رمضان المبارک کے آغاز سے غیرقانونی اقدامات میں بہت زیادہ اضافہ ہوگیا ہے، بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے فلسطینیوں کے تحفظ کے لئے بین الاقوامی برادری سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، دیرپا اور منصفانہ حل کیلئے اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل ضروری ہے، 1967 سے پہلے کی سرحدات اور القدس الشریف فلسطینی ریاست کا دارالحکومت ہی قابل عمل حل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں