امریکی بحریہ کی ایرانی جہازوں پر فائرنگ

واشنگٹن (ڈیلی اردو/شِنہوا) امریکی بحریہ کے گشت پر مامور ایک جہاز نے شمالی خلیج فارس کے بین الاقوامی پانیوں میں ایرانی اسلامی انقلابی گارڈ کور بحریہ (آئی آر جی سی این) کے جہازوں کو خبردار کرنے کے لیے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔

بحریہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایرانی اسلامی انقلابی گارڈ کور بحریہ کی تین مسلح تیز رفتار کشتیاں پیر کے روز تیزی کے ساتھ اور نامعلوم ارادے سے غیر ضروری طور پر امریکی بحریہ کے ساحلی گشت پر مامور جہاز یو ایس ایس فائر بولٹ اور یو ایس کوسٹ گارڈ کی گشت پر تعینات کشتی کے قریب پہنچ گئیں، جس میں دونوں امریکی جہازوں کے قریب ترین 68 گز (62 میٹر) تک کی قریبی حد بھی شامل ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی عملے نے ریڈیو اور لاؤڈ سپیکر آلات کے ذریعے متعدد انتباہی پیغامات جاری کیے، لیکن ایرانی اسلامی انقلابی گارڈ کور بحریہ کے جہازوں نے قریب آنے کی اپنی کوششیں جاری رکھیں ۔اس کے بعد فائربولٹ کے عملے نے انتباہی گولیاں چلائیں اورایرانی اسلامی انقلابی گارڈ کور بحریہ کی کشتیاں امریکی جہازوں سے محفوظ فاصلے پر چلی گئیں۔

امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق تقریباً چار سال میں یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ امریکی بحریہ نے ایرانی بحری جہازوں پر فائرنگ کی ہو۔

یہ واقعہ ایک ایسے موقع پر بھی سامنے آیا ہے جب ویانا میں ایران جوہری معاہدے کو بحال کرنے کے لئے امریکہ اور ایران کے درمیان بالواسطہ بات چیت جاری ہے جس کو باضابطہ طور پر مشترکہ جامع منصوبہ بندی (جے سی پی او اے) کے نام سے جانا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں