افغانستان: کابل میں خوفناک دھماکا، 10 افراد ہلاک، 50 سے زائد ٹینکر تباہ

کابل (بیورو رپورٹ) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہفتے کی شب ایندھن کے ٹینکر میں ہونے والے دھماکے میں کم از کم دس افراد ہلاک، 14 زخمی اور متعدد لاپتہ ہوگئے۔

ایک مقامی ٹی وی چینل طلوع نیوز نے اتوار کے روز بتایا کہ کابل کو شمالی صوبوں سے ملانے والی شاہراہ کی ایک جانب، جہاں 50 کے قریب تیل کے ٹرک کابل میں داخل ہونے کے لئے کھڑے تھے، ایک ایندھن کا ٹینکر دھماکے سے پھٹ گیا جس کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی۔

شہر کے شمالی مضافات میں شکر درہ ضلع کے علاقے میں ابتدائی دھماکہ کے نتیجے میں دھماکوں کا سلسلہ شروع ہوا، جس سے ایندھن کے کم از کم 50 ٹرک متاثر اور تباہ ہوئے۔ اس حادثے میں ایندھن کا ایک پمپ اسٹیشن، کئی دکانیں اور مکانات بھی تباہ ہوگئے۔

آگ بجھانے کے متعدد یونٹ آگ پر قابو پانے اور متاثرہ لوگوں کی مدد کے لئے علاقے میں مصروف تھے۔

رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ دہشت گردی پر مبنی سرگرمی کا شاخسانہ ہوسکتا ہے، ایک ٹرک ڈرائیور نے بتایا ہے کہ دھماکا ٹرکوں میں سے ایک کے ساتھ چپکنے والے دیسی ساختہ بم کے پھٹنے سے ہوا تھا۔

دھماکے سے بجلی کے کھمبے کو نقصان پہنچا جس کے بعد سے کابل کے کچھ علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں