لاہور (ڈیلی اردو) سانحہ ماڈل ٹاؤن مقدمے میں نامزد 6 سیاسی شخصیات کو جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے تفتیش کے لیے طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق سانحہ ماڈل ٹاؤن پر تشکیل دی گئی جے آئی ٹی نے کل سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز سمیت سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ، سابق وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف، سابق وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید اور سابق وفاقی وزیر بجلی عابد شیر علی کو بھی طلب کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے نواز شریف اور خواجہ سعد رفیق کو طلب نہیں کیا۔
جے آئی ٹی کی جانب سے جاری دوسرے نوٹیفیکشن میں ایس پی مجاہد فورسز لاہور کے عبدالرحیم شیرازی، ایس پی آپریشن ماڈل ٹاؤن طارق عزیز، ایس پی انویسٹی گیشن محمد ندیم سمیت دیگر کو اپنے بیانات قلمبند کرنے کے لیے 26 فروری کو 10 بج کر 30 منٹ پر طلب کیا گیا۔
سپریم کورٹ کے حکم پر ماڈل ٹاؤن سانحہ کی تحقیقات کے لیے نئی جے آئی ٹی بنائی گئی ہے، جس نے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے ملزمان کو طلب کیا۔
یاد رہے کہ عوامی تحریک کی جانب سے درج مقدمے میں سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف، سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد بھی ملزم تھے تاہم جے آئی ٹی نے نواز شریف اور خواجہ سعد رفیق کو طلب نہیں کیا۔
جے آئی ٹی نے سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے پرسنل سیکریٹری امداد اللہ بوسال، سیکریٹری قانون نواز گوندل اور اے ڈی ریونیو عرفان نواز بھی طلب کیے گئے ہیں۔
جے آئی ٹی نے جاری نوٹس میں کہا ہے کہ تمام افراد پیش ہو کر اپنے بیانات ریکارڈ کروائیں۔
نوٹس جے آئی ٹی کے کنوینر ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن کی جانب سے جاری کیا گیا۔