تہران (ویب ڈیسک) ایران میں وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مواصلات محمد جواد آذری جھرمی پر جاسوسی کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق 37 سالہ وزیر مواصلات جواد آذری جھرمی کے خلاف انٹرنیٹ کے ذریعے ملک کی جاسوسی کرنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے اس وقت آئی ٹی منسٹر ملک میں موجود نہیں۔
پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ وزیر مواصلات پر سوشل میڈیا پر ایران کے سخت کنٹرول سے متعلق عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے کا الزام ہے اور وزیر مواصلات کے اقدامات کی وجہ سے ملک دشمنوں کی حکومتی ڈیٹا تک رسائی کے خطرات بڑھ گئے۔
ایرانی پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ وزیر مواصلات کے بعض اقدامات سے ملکی راز کے چوری ہونے کے خدشے میں اضافہ ہوسکتا ہے جو کہ ’انٹرنیٹ جاسوسی‘ کے مترادف ہیں۔
فی الحال صدر حسن روحانی کے سب سے کم عمر وزیر محمد جواد آذری جھرمی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی تاہم ادارے اس ضمن میں فعال ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ ایرانی صدر حسن روحانی کے خلاف عوامی احتجاج میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے بعد انٹرنیٹ صارفین پر پابندیاں مزید سخت کر دی گئی تھیں جب کہ نوجوان وزیر انفارمیشن اور مواصلات آزادی اظہار رائے کے داعی سمجھے جاتے ہیں۔