اسلام آباد: دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار ہلاک

اسلام آباد (ش ح ط) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے شمس کالونی میں پولیس پر مسلح دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے دو اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔

پولیس کے مطابق شمس کالونی میں ایگل اسکواڈ نے موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی، ملزمان کے نہ رکنے پر تعاقب کیا گیا تو ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اہلکار اشتیاق اور بشیر شاہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔

پولیس کے مطابق کانسٹیبلز اشتیاق رانجھا اور بشیر شاہ شمس کالونی کے علاقے میں موٹرسائیکل پر معمول کے مطابق گشت کر رہے تھے جس دوران ان پر فائرنگ کی گئی۔

ابتدائی طور پر کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

ایس پی فدا ستی کے مطابق دونوں اہل کاروں کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اہل کاروں نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعے کی تصدیق کی جبکہ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعہ ممکنہ طور پر ٹارگٹ کلنگ ہے۔ ملزمان کو پکڑنے کے لیے سی سی ٹی وی کی مدد لی جائے گی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے آئی جی اسلام آباد سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

شیخ رشید نے کہا کہ اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعات پر انتہائی تشویش ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں