اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سول ایوی ایشن نے فضائی حدود کمرشل پروازوں کیلئے بند کر دی ہیں اور اس حوالے سے ملک میں آنے والی تمام پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا ہے جبکہ روانہ ہونے والی پروازوں کو منسوخ کردیا گیا ہے ۔ملک بھر میں موجودہ حالات کے پیش نظر فضائی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے
اور اس حوالے سےسول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) سمیت تمام ایئر لائنز کو آگاہ کردیا ہے اور اس کا مراسلہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری مراسلہ کے مطابق پورے ملک کی فضائی حدود کمرشل پروازوں کے لیے بند کردی گئی ہیں اور تمام ایئرلائنز کو اپنی شیڈول فلائٹس کو ری شیڈول کرنے کا کہہ دیا گیا ہے۔
نیا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا تاہم کوئی بھی ایئرلائن سول ایوی ایشن کی اجازت کے بغیر نیا شیڈول جاری نہیں کرسکتی جب کہ فضائی آپریشن بحال کرنے کا باضابطہ اعلان سول ایوی ایشن کی جانب سے کیا جائے گا۔