افغان سرحد کے قریب روس کے جنگی ہیلی کاپٹرز تعینات

ماسکو (ڈیلی اردو) روس کے سینٹرل ملٹری ڈسٹرکٹ نے اطلاع دی ہے کہ روس نے ایم آئی 8 ملٹری ٹرانسپورٹ ہیلی کاپٹر اور ایم آئی 24 اسلٹ گن شپ ہیلی کاپٹروں کومغربی سائبیریا کے نووسبیرسک ریجن سے تاجکستان کے گیسار ایئر فیلڈ پر دوبارہ تعینات کر دیا ہے تاکہ یہ ہیلی کاپٹر افغان سرحد سے 20 کلومیٹر کے فاصلے پر خارب میڈن ٹریننگ گراؤنڈ میں سہ فریقی مشقوں میں حصہ لیں.

صدائے روس کے مطابق چار جنگی ہیلی کاپٹروں کو روس نے An-124-100 Ruslan ہیوی ٹرانسپورٹ طیارے کے ذریعے تاجکستان پہنچایا ہے۔ واضح رہے روس، ازبکستان اور تاجکستان کی مشترکہ مشقیں 5-10 اگست کو خارب میڈن ٹریننگ گراؤنڈ میں شروع ہوں گی۔

روسی وزیر دفاع سرگئی شوئیگو نے اس سے قبل دوشنبے میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے وزرائے دفاع کی ایک کانفرنس میں کہا تھا کہ تینوں ممالک مشقوں کے دوران کالعدم مسلح گروہوں کو ختم کرنے اور اپنی تنصیبات کے تحفظ کی مشق کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں