9

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کا مشترکہ آپریشن، داعش کے 2 دہشتگرد ہلاک

سبی + شکارپور (ڈیلی اردو/ نیوز ڈیسک) بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے ڈھاڈر میں سیکیورٹی فورسز، حساس ادارے اور شکارپور پولیس نے سبی کے قریب ڈھاڈر میں مشترکہ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کے 2 دہشت گرد مارے گئے۔

تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز، حساس ادارے اور شکارپور پولیس نے سبی کے قریب ڈھاڈر میں مشترکہ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں کالعدم تنظیم داعش کے 2 دہشت گرد ہلاک مارے گئے، مارے جانے والے دہشت گرد عبداللہ بروہی، حفیظ پندرانی انتہائی مطلوب تھے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد سیہون خودکش حملے کے ماسٹر مائنڈ تھے، ہلاک دہشت گرد شکار پور امام بارگاہ دھماکے کے مرکزی ملزمان تھے۔

ذرائع کے مطابق مشترکہ آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد فرار ہوئے جن کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے تخریب کاری کا سامان اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے، ہلاک دہشت گرد حفیظ پندرانی سندھ میں کالعدم تنظیم داعش کا نیٹ ورک چلا رہا تھا۔

واضح رہے کہ دو سال قبل درگاہ لعل شہباز قلندر میں دھمال کے دوران خودکش حملے کے نتیجے میں 76 سے زائد افراد شہید اور 250 سے زائد زخمی ہوگئے تھے، شہید ہونے والوں میں 20 بچے، 9 خواتین، 45 مرد اور ایک پولیس اہلکار شامل تھے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں