راولپنڈی (ڈیلی اردو) لائن آف کنٹرول (ایل او سی ) پر بھارتی گولہ باری سے 4 شہری شہید ہوگئے جب کہ پاک فوج کی جانب بھی بھرپور جوابی کارروائی کی گئی اور دشمن کو جانی نقصان پہنچایا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 48 گھنٹے میں بھارتی فوج نے کوٹلی، کھوئی رٹہ اور تتہ پانی سیکٹر پراشتعال انگیزی کی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارتی فورسز کی گولہ باری اور فائرنگ کے نتیجے میں 4 شہری شہید جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھارتی خلاف ورزیوں کا منہ توڑجواب دیا اور جوابی کارروائی میں بھارتی پوسٹوں کو نشانہ بنایاگیا۔ جس سے بھارتی فوج کے جانی نقصان کی اطلاع ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ایل او سی پر پاک فوج ہائی الرٹ ہے اور مشرقی سرحد پر حفاظتی اقدامات مکمل ہیں جب کہ کسی بھی بھارتی دراندازی سے نمٹنے کے لیے پاک فضائیہ اوربحریہ بھی مکمل طور پر الرٹ ہیں۔