راولپنڈی (ڈیلی اردو) پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی کے باعث دونوں ممالک کے درمیان موجود سرحد پر پاک فوج کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بھارت کی جانب سے کی جانے والی کسی بھی جارحیت اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی)کی خلاف ورزی کا بروقت جواب دینے کے لیے مشرقی سرحد پر فوج کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی جارحیت کو روکنے کے لیے پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کو بھی پہلے سے ہی ہائی الرٹ کیا جا چکا ہے۔
بیان میں بتایا گیا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں میں بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی تاہم پاک فوج نے انہیں بر وقت جواب دے کر ان کی بندوقیں خاموش کرا دیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے کوٹلی، کھوئی رٹہ اور تتا پانی سیکٹرز پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی جس پر پاک فوج نے انہیں بھرپور جواب دیا۔ پاک فوج کی جانب سے جوابی کارروائی میں بھارتی اہلکاروں کے ہلاک ہونے اور بھارتی چیک پوسٹ کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ ایل او سی پر بھارتی جارحیت اور فائرنگ سے 4 شہری شہید اور 2 زخمی بھی ہوئے۔
ساتھ ہی آئی ایس پی آر کی جانب سے عوام کو متنبہ کیا گیا کہ وہ سوشل میڈیا کے استعمال سے محتاط رہے اور اس کا ذمہ دارانہ استعمال کرے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک فوج کے جوان بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہر وقت تیار ہیں