کراچی میں سیکیورٹی کمپنی کا وین ڈرائیور 20 کروڑ روپے لیکر فرار

کراچی (ڈیلی اردو) سیکیورٹی کمپنی کا ڈرائیور اور سیکیورٹی گارڈ 20 کروڑ روپے لے کر فرار ہوگئے جس کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آج سے 2 روز قبل یہ واقعہ کراچی کے علاقے آئی آئی چندریگر روڈ پر پیش آیا۔ میٹھا در پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کر لیا۔ملزمان 20 کروڑ کی خطیر رقم کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی کمپنی کا اسلحہ بھی ساتھ لے کر چلتے بنے۔ سیکیورٹی کمپنی نے دونوں ملزمان کو بینک میں رقم جمع کرانے کا ٹاسک دیا تھا۔

دونوں ملزمان بینک میں رقم جمع کرانے کی بجائے وین کو گلی میں چھوڑ کر بھاگ نکلے۔ ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ 20 کروڑ کی رقم اسٹیٹ بینک میں جمع کرانی تھی۔

مقدمے کے متن کے مطابق سیکیورٹی کمپنی کے ڈرائیور کا نام حسین شاہ ہے جو گارڈ کے ہمراہ 2 کروڑ لے کر فرار ہوا۔ گاڑی میں لگے کیمرے اور ڈی وی آر بھی غائب کردئیے گئے۔ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

خیال رہے کہ شہر قائد میں جرائم کی وارداتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہونے لگا۔اس سے قبل ڈی سی سینٹرل آفس کے قریب منی چینجر کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔

ریسکیو ذرائع کا رواں ماہ کے آغاز میں کہنا تھا کہ ڈی سی سینٹرل آفس کے قریب منی چینجر کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوا، ذرائع کے مطابق فائرنگ کا نشانہ بننے والے دونوں افراد سیکورٹی گارڈ تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں