پاکستان واحد ملک ہے جس نے دہشتگردی کو شکست دی: صدر ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد (ڈیلی اردو) صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی بڑی سپر پاور کامیاب نہ ہو سکیں، پاکستان واحد ملک ہے جس نے دہشت گردی کو شکست دی، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک لاکھ جانوں کا نقصان برداشت کیا لیکن کامیابی حاصل کی۔

ایوانِ صدر اسلام آباد میں یومِ آزادی کے موقع پر صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پرچم کشائی کی۔

تقریب میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، سروسز چیفس، وفاقی وزراء اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر پاکستان اور قوم کے استحکام، ترقی و سلامتی اور کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

یوم آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ مسلمانانِ ہند کو مشکلات سے نکالا، پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد بنا، مسلمانانِ ہند نے مشکلات سے نکل کر آزادی حاصل کی، سر سید احمد خان نے مسلمانوں کو علم کی جانب راغب کیا۔

انہوں نے کہا کہ مختلف بہانوں کے ذریعے پاکستان پر 3 جنگیں مسلط کی گئیں، ہمارے خطے میں اسلحے کی دوڑ ہم پر مسلط کی گئی، بھارت نے ایٹمی دھماکا کیا تو 7 سال کے اندر پاکستان نے محنت کر کے اس کا جواب دیا، پاکستان کا ایٹمی طاقت حاصل کرنا بڑی کامیابی ہے، آج پاکستان اس مقام پر کھڑا ہے کہ جلد ترقی یافتہ ملک بن سکتا ہے۔

صدرِ مملکت عارف علوی نے کہا کہ دیگر ملکوں میں مہاجرین اور پناہ گزینوں کو سمندر میں ڈوبنے دیا جاتا ہے لیکن پناہ نہیں دی جاتی، انسانی حقوق کی بادشاہ اقوام کا پاکستان سے مقابلہ کریں، پاکستان ایسا ملک ہے جس نے 35 لاکھ مہاجرین کو پناہ دی، زلزلہ، سیلاب ہو یا کورونا وائرس کی وباء، پاکستانی قوم مل کر ان سب کا مقابلہ کرنا جانتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء میں پاکستان نے مساجد کھلی رکھ کر مسلم دنیا میں مثال قائم کی، کورونا قوموں اور دنیا کی آزمائش ہے، ہماری قوم نے اچھا رنگ دکھایا، کورونا جب پاکستان میں آیا تو وزیرِ اعظم عمران خان نے ہمدردی کی بساط بچھائی، انہوں نے کہا کہ کوئی بے روزگارنہ ہو، دنیا میں کسی لیڈر نے یہ بات نہیں کی۔

صدرِ مملکت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء میں پاکستانی قوم نے ہمدردی کی مثال ڈالی، وبا ء کے دوران احتیاط کی، وباء کے باوجود پاکستان کی معیشت نے ترقی کی، ریاستِ مدینہ انصاف پر مبنی ریاست قائم کرنے کی ایک جستجو اور خواہش ہے، ریاستِ مدینہ کا پہلا اصول معاشی اورمعاشرتی انصاف ہے، ریاستِ مدینہ کا دوسرا اصول عوام کی صحت اور تیسرا تعلیم کا خیال رکھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو کہا کہ تمہارے ہاں بھی غربت ہے اور یہاں بھی، امن کی طرف آؤ، ہماری امن کی خواہش کو کمزوری سمجھا گیا لیکن ہم نے پھر جارحیت کا مزا بھی چکھا دیا، آج ضرورت اس بات کی ہے کہ قوم کو اعتماد دیا جائے۔

صدرِمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اب زراعت کے ساتھ ساتھ آئی ٹی اور صنعتی ملک بن رہا ہے، یکساں تعلیمی نظام ایک بہت بڑا کام ہے، کورونا کی وباء کے دوران 170 ارب روپے ڈیڑھ کروڑ خاندانوں تک پہنچائے، 50 لاکھ اسکالر شپس، نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم، آسان قرضہ اسکیم لائے۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک نے کہا کہ جتنی رقم ہے وہ ساری استعمال نہیں ہو رہی، خواتین اور معذوروں کی جانب سے زیادہ قرضہ نہیں لیا جا رہا، صفائی نصف ایمان ہے، روحانی، جسمانی اور ماحولیاتی صفائی رکھیں، فیک نیوز چاہے اندر سے نکلے یہ غیبت ہے، اس پر احتیاط کریں۔

صدرِ مملکت عارف علوی کا مزید کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب بدلنے کی کوشش کر رہا ہے، جہاں بھارت کی جانب سے عصمت دری کو جنگی ہتھیار بنایا گیا، مقبوضہ وادی میں کشمیری اور پاکستان بھارت کی راہ میں رکاوٹ ہیں، ہندو توا اور آر ایس ایس کی سوچ بھارتی حکومت پر حاوی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ افغانستان میں جنگ کی پاکستان نے بھی بھاری قیمت ادا کی، پاکستانی قوم ایک ابھرتی ہوئی قوم ہے، آپ طاقت ور قوم بننے جا رہے ہیں، امید ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو گا، صلحِ حدیبہ کو سامنے رکھتے ہوئے امن لائیں، افغان بھائی 40 سال سے آزمائش میں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں