ملک کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ جاری

اسلام آباد (ڈیلی اردو) اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، لاہور اور کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں سب سے زیادہ 66 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارشوں کا موجودہ سلسلہ اتوار رات تک جاری رہے گا۔

مری، گلیات، مالم جبہ،وادی کوئٹہ، پارا چنار، کالام، سوات اور دوسرے ملحقہ علاقوں میں بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ انتظامیہ نے سیاحوں کو باخبر رہنے اور ٹریفک قوانین پر۔عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔

جبکہ کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں نیا سسٹم داخل ہوا ہے جس کے نتیجے میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

کراچی میں مغرب سے بلوچستان کے راستے آنے والا سسٹم داخل ہوگیا ہے جس کے بعد شہر میں بادل چھا گئے اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں اور موسم خوشگوار ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے چیف عبدالرشید کے مطابق کراچی میں نیا سسٹم داخل ہوا ہے جس سے موسم میں تبدیلی ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں ہفتہ اور اتوار کو بارش کا امکان ہے۔

حیدر آباد، میر پور خاص، لاڑکانہ، نواب شاہ، سکھر، مکران، کوئٹہ، ڑوب، قلات، سبی اور نصیر آباد میں بھی بادل برس سکتے ہیں۔ جبکہ پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ تین روز قبل محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ آئندہ ایک ہفتے تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر عبدالرشید کا کہنا تھا کہ ایران کی طرف سے بادلوں کا سسٹم پاکستان کی طرف بڑھ رہا ہے جس سے ملک بھر میں بارشیں ہوں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں