جنوبی وزیرستان: کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے حملے میں 7 اہلکار ہلاک، 4 زخمی

اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کی تحصیل لدھا میں دہشت گردوں کے ایک حملے میں پاکستانی فوج کے کم از کم سات اہلکار ہلاک اور چار زخمی ہو گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق منگل کی رات لدھا کے علاقے سپینہ میلہ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر مشتبہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی۔ جس کے جواب میں دہشت گردوں کی طرف سے بھی فائرنگ شروع کر دی گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں سات اہلکار ہلاک اور چار اہلکار زخمی ہوگئے۔

ہلاک اہلکاروں کی شناخت نائب صوبیدار عامر شکیل، نائیک محمد اشفاق، سپاہی سلمان والد فضل ربی، انتظار، خرم، ملک شیراز، ساجد عباس جبکہ زخمیوں میں سپاہی شہزاد، احمد رضا، صدام اور اسد کے نام سے ہوئی ہیں۔

زخمیوں اور لاشیوں کو ملٹری ہسپتال منتقل کیا گیا۔ جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

سرکاری ذرائع نے تاحال حملے کی تفصیل بیان نہیں کی۔ تاہم کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ترجمان نے واقعے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ترجمان محمد خراسانی کے مطابق گزشتہ رات مجاہدین نے لدھا کے علاقے سپینہ میلہ میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز پر راکٹ اور خودکار بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔

ترجمان ٹی ٹی پی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس حملے میں کم از کم 9 فوجی ہلاک اور تین زخمی ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں