لاہور (نیوز ڈیسک) وزیراعظم نریندرا مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے تین اہم رہنماؤں کی آڈیو ٹیپ لیک ہوگئی ہے جس میں الیکشن جیتنے کے لیے پلوامہ حملہ کروانے کا اعتراف کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اوی ڈنڈیا نامی بھارتی نژاد امریکی شہری سابق بھارتی پائلٹ کے بیٹے ہیں، انہوں نے مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کا مکروہ چہرہ نقاب کرتے ہوئے بتایا کہ الیکشن جیتنے کی ضد میں بی جے پی اپنے ہی فوجیوں کی خون کی ہولی کھیلنے لگی۔
بھارتی نژاد امریکی شہری نے اپنا دعویٰ درست ثابت کرنے کے لیے بی جے پی کے تین رہنماؤں کی مبینہ گفتگو انٹرنیٹ پر بھی جاری کر دی، جس میں ایک لیڈر کہتا ہے ’چناؤ کیلئے یدھ کرنا ضروری ہے، جس پر دوسرے نے جواب دیا کہ فورسز کیلئے “دیش” بہت جذباتی ہے اس لیے یہیں گڑبڑ کرانا ہو گی، اس پر خاتون رہنما پوچھتی ہیں کہ کیا آپ جوانوں کو مروانا چاہتے ہیں؟
قبل ازیں بھارتی ریاست کرناٹکا میں بی جے پی کے صدر بی ایس یدی پورپا نے اپنے ایک بیان میں اعتراف کیا تھا کہ پلوامہ حملے سے جوانوں کے جذبات بھڑکے ہوئے ہیں اور یہ جذبات رواں برس ہونے والے الیکشن میں ہمارے ووٹ میں تبدیل ہوجائیں گے جس کے باعث بی جے پی کرناٹکا کی 28 میں سے 22 نشستیں لینے میں کامیاب ہوجائے گی۔
وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے بھارتی جنتا پارٹی کے رہنماؤں کی ریکارڈ شدہ گفتگو کے ردعمل میں کہا آج نہیں تو کل اس حوالے سے حقائق پوری دنیا کے سامنے آجائیں گے، حق اور سچ پر زیادہ عرصے تک پردہ نہیں ڈالا جا سکتا۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنماؤں کی سنسنی خیز آڈیو ٹیپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔