سرکاری حج اسکیم : درخواستیں چھ مارچ تک وصول کی جائیں گی؛ وزارت مذہبی امور

اسلام آباد (ڈیلی اردو) سرکاری حج اسکیم میں اب تک ایک لاکھ 16ہزار 683 درخواستیں وصول ہوچکی ہیں، حج درخواستیں چھ مارچ تک وصول کی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق سرکاری حج اسکیم میں درخواستوں کی وصولی کا آج چھٹا دن تھا، اس حوالے سے ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ خراب موسم کے باوجود حج درخواستوں کی وصولی کا سلسلہ جاری ہے۔

اب تک ایک لاکھ 16ہزار 6 سو 83 حج درخواستیں وصول ہوئی ہیں، درخواست گزاروں کی سہولت کیلئے نامزد بینک کل بھی کھلے رہیں گے۔

ترجمان مذہبی امور کے مطابق اسٹیٹ بینک نے نامزد بینکوں کو ہفتہ اور اتوار کھلے رکھنے کی ہدایت کی تھی، حج درخواستیں چھ مارچ تک وصول کی جائیں گی۔

عوام کی سہولت کیلئے درخواست گزاروں کے کوائف وزارت کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردئیے گئے ہیں، تمام درخواست گزاروں کو ان کے کوائف ایس ایم ایس بھی کئے جا رہے ہیں۔

ترجمان مذہبی امور نے ہدایت کی ہے کہ درخواست گزار کسی بھی غلطی کی صورت میں متعلقہ بینک سے فوری تصحیح کرائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں