شام کے دارالحکومت دمشق میں فوجی بس کے قریب دو دھماکے، 14 ہلاک

دمشق (ڈیلی اردو) شام کے دارالحکومت دمشق میں دو بم دھماکوں کے ذریعے فوج کے ایک بس کو نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں بس میں سوار 14 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

شامی سرکاری میڈیا کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے دھماکے کر کے فوجیوں کی بس کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان بموں کا نشانہ ایک فوجی گاڑی تھی۔ سڑک کنارے نصب ان بموں کے پھٹنے سے تین افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ایک تیسرے بم کو پھٹنے سے پہلے ہی ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔ یہ دھماکے اس وقت ہوئے، جب لوگ ملازمتوں اور بچے اسکولوں کی طرف جا رہے تھے۔ ابھی تک کسی بھی گروہ نے ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

شام تنازعے کا آغاز سن دو ہزار گیارہ میں ہوا تھا اور تب سے وہاں ساڑھے تین لاکھ سے زائد افراد ہلاک اور ملک کی نصف آبادی بے گھر ہو چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں