بلوچستان: کوئٹہ سے تین مسخ شدہ لاشیں برآمد

کوئٹہ (ڈیلی اردو) صوبہ بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے نوحصار سے 3 افراد کی لاشیں ملی ہیں، پولیس نے شناخت نہ ہونے پر لاشیں مردہ خانے منتقل کر کے کارروائی شروع کردی۔

ائیرپورٹ تھانہ پولیس کے مطابق انہیں اطلاع ملی کی نوحصار کے علاقے ریگی ناصران سے 3 نامعلوم افراد کی لاشیں ملی ہیں، جس پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کئے اور لاشوں کو تحویل میں لے لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ایک لاش بوری میں بند تھی جبکہ 2 لاشیں میدان میں پڑی ہوئی تھیں، فی الحال لاشوں کی شناخت نہیں ہوئی، جس پر لاشیں مردہ خانے منتقل کردی گئیں۔

دوسری طرف ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لاشیں بوسیدہ حالت میں اور ناقابل شناخت ہیں، موت کی وجوہات کا تعین پوسٹ مارٹم کے بعد ہوگا۔

خیال رہے بلوچستان کے مختلف علاقوں سے کئی افراد کی مسخ شدہ لاشیں تواتر کے ساتھ ملتے رہے ہیں جن میں سے کئی افراد کی شناخت جبری طور پر لاپتہ افراد کے طور پر ہوئی ہے۔

بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کیخلاف آواز اٹھانے والی تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے مطابق بلوچ لاپتہ افراد کی دو ہزار سے مسخ شدہ لاشیں ملی ہے جن میں مختلف طبقہ فکر کے افراد شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں